سوئی نادرن گیس کے اعلیٰ سطح وفد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور کاروباری برادری سے اہم ملاقات کی۔ وفد میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز ثاقب ارباب اور فیصل اقبال، سینئر جنرل منیجر سید جواد نسیم، سینئر جنرل منیجر تاج علی خان اور جنرل منیجر ماسم ابرار شامل تھے۔
اجلاس کی صدارت آر سی سی آئی کے قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی نے کی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، نائب صدر فہد برلاس، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین، اور ریسٹورنٹس کیٹررز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری، چئیرمین ممتاز احمد، سینئر نائب صدر حذیفہ انصر اور دیگر نمائندگان بھی شریک تھے۔
سوئی نادرن گیس حکام نے اجلاس میں گیس کی قلت، کم دباؤ، نئے کنکشنز اور پائپ لائنوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے آر سی سی آئی میں خصوصی ہیلپ ڈیسک کے قیام اور آگاہی سیشنز کے انعقاد کا اعلان کیا۔
ریسٹورنٹس کیٹرنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری نے کمرشل سیکٹر میں برائے نام گیس فراہمی، سکیورٹی چارجز، فالٹ والیم اور ای وی سی میٹرز کی تبدیلی جیسے مسائل پر بات کی اور مطالبہ کیا کہ کمرشل ہب میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور سکیورٹی چارجز میں کمی کی جائے۔
چیئرمین ممتاز احمد نے آر ایل این جی کے زیادہ نرخ پر بلنگ اور گیس لائن لیکیجز کا معاملہ اجاگر کیا، جس پر سوئی نادرن حکام نے بتایا کہ پرانی پائپ لائنوں کی تبدیلی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جس سے لیکیج، اووربلنگ اور دیگر مسائل حل ہوں گے۔
حکام نے راوت انڈسٹریل اسٹیٹ میں تفصیلی سروے کے بعد ہیلپ ڈیسک قائم کرنے اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت کی یقین دہانی کرائی









