محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں اربوں روپے مالیت کی گندم خراب ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ یہ گندم کراچی کے شہریوں کو سستے آٹے کی فراہمی کے لیے خریدی گئی تھی، مگر انتظامی غفلت کے باعث اب یہ انسانی استعمال کے قابل نہیں رہی۔
دو سے تین سال پرانی گندم بیکار پڑی رہی
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق، خراب گندم کی بوریاں 2021 یا اس سے پہلے گوداموں میں ذخیرہ کی گئیں، مگر انہیں اب تک استعمال میں نہیں لایا جا سکا۔ ذرائع نے بتایا کہ 2021 سے قبل کی لاکھوں بوریاں پہلے سے ہی گوداموں میں موجود تھیں۔
حکومت کی جانب سے اربوں روپے خرچ، مزید مالی بوجھ کا خدشہ
محکمہ خوراک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی خریداری اور اس کی دیکھ بھال پر سندھ حکومت اربوں روپے خرچ کر چکی ہے۔ صرف گوداموں میں گندم کی حفاظت پر ہی ماہانہ 2 ارب 43 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کاشتکاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے مہنگی خریداری، اب 80 ارب روپے کا ممکنہ نقصان
حکومت نے کاشتکاروں کو فائدہ دینے کے لیے گندم مارکیٹ ریٹ سے زیادہ قیمت پر خریدی۔ جب کہ مارکیٹ میں قیمت 7 ہزار روپے فی بوری تھی، محکمہ خوراک نے اسے 10 ہزار روپے فی بوری میں خریدا۔ اگر اب یہی گندم ساڑھے 7 ہزار روپے فی بوری فروخت کی گئی تو حکومت کو تقریباً 80 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
مشیر خوراک سندھ کا مؤقف
سندھ کے مشیر برائے خوراک عبدالجبار نے وضاحت کی کہ 2022-23 میں خریدی گئی گندم مکمل طور پر محفوظ ہے، جب کہ خراب گندم 2021 یا اس سے پہلے کی ہے۔ ان کے مطابق، خراب گندم کی حتمی مقدار اور مالیت کا تعین فی الحال ممکن نہیں، لیکن اسے غذائی کے بجائے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
رواں مالی سال میں گندم نہ خریدنے کا فیصلہ
عبدالجبار نے مزید انکشاف کیا کہ رواں مالی سال میں گندم کی نئی خریداری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد مالی بوجھ میں کمی اور مزید نقصان سے بچاؤ ہے۔








