بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مولانا احمد علی لاہوریؒ کے سلسلہ عالیہ قادریہ راشدیہ کے زیر اہتمام  روحانی، تربیتی و اصلاحی اجتماع

اسلام آباد: شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ کے سلسلہ عالیہ قادریہ راشدیہ کے زیر اہتمام نواں سالانہ روحانی، تربیتی و اصلاحی اجتماع بہارہ کہو کے نواحی علاقے اٹھال فارمز(نصیر باغ) میں منعقد ہوا۔ قادریہ راشدیہ سلسلہ کی خانقاہ المعرفت منزل میں ہونے والا یہ روح پرور اجتماع معرفت، ذکرِ الٰہی اور روحانی تربیت کا حسین امتزاج تھا۔اجتماع میں ملک بھر سے ممتاز علما کرام ، مشائخ عظام ، سالکین و مجازین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری محمد اختر معاویہ مدظلہ العالی کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ ان کے بعدمشہور نعت خوان لیاقت فاروقی صاحب نے نعتیہ کلام پیش کر کے روحانیت کی فضا کو مزید پرکیف بنا دیا۔حضرت پروفیسر عبد اللطیف صاحب مدظلہ العالی نے روحانی بیماریوں، ان کے اسباب اور ان کے علاج پر انتہائی جامع بیان فرمایا ۔ انہوں نے دل کی بیماریوں جیسے ریا، حسد، تکبر، حب دنیا وغیرہ کی نشان دہی کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا واحد علاج اللہ تعالیٰ سے سچا تعلق، اتباع سنت اور صحبتِ اہل اللہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دل میں دنیا کی گندگی رہے گی، اللہ کی محبت کا نور نہیں اُترے گا۔ دل کی صفائی ہی اصل عبادت ہے۔اجتماع کے اختتام پر ذکرِ جہری و ذکرِ قلبی کروایا گیا ۔ ملک وقوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کےلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔اجتماع کے اس پروگرام کو حاضرین کے علاوہ ملک و بیرون ملک لاتعداد سالکین نے مکسلر پر سماعت فرمایا ۔