بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیلی آرمی چیف کا غزہ پرقبضے کا نیامنصوبہ بے نقاب

 

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے غزہ میں زمینی کارروائیوں کو تیز کرنے اور مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئےنیا منصوبہ تشکیل دے دیا ۔

اسرائیلی نیوز چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے کو ایال ضمیر کی جانب سے ’’غزہ پر قبضے کے منصوبے‘‘کے طور پر پیش کیا گیا، جو رفح میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے متنازع حراستی کیمپ کے متبادل کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایال ضمیر اس کیمپ کے منصوبے کے مخالف ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر مجوزہ 60 دن کی جنگ بندی کے بعد جنگ کے خاتمے کے لئے کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا تو یہ منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔ اس صورت میں اسرائیلی افواج بتدریج ان علاقوں پر قبضہ کریں گی جو فی الحال ان کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔

دوسری جانب ایک اور اسرائیلی میڈیا ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو نے آرمی چیف کو سیکیورٹی کابینہ کے سامنے منصوبہ پیش کرنے سے روک دیا ہے، جبکہ پہلے سے بریف کیے گئے وزراء کو اس پر مزید بحث سے منع کر دیا گیا ۔

ایال ضمیر نے اس سے قبل ایک ٹی وی بیان میں کہا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لئے مناسب حالات پیدا ہو چکے ہیں، اور انہیں امید ہے کہ اس معاہدے کے تحت 10 یرغمالیوں کی واپسی اور 9 کی لاشیں واپس مل سکیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے حماس کی حکمرانی اور اس کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ہماری آپریشنل کامیابیاں اس معاہدے کی راہ ہموار کر رہی ہیں، جس کا مقصد یرغمالیوں کی واپسی کو ممکن بنانا ہے۔