اسلام آباد میں پنک ربن پاکستان کے بانی عمر آفتاب سے ملاقات کے دوران خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ چھاتی کا کینسر پاکستان میں خواتین کو لاحق سب سے عام بیماری ہے، جس سے ہر 9 میں سے ایک پاکستانی خاتون متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مرض کی تاخیر سے تشخیص ہر سال ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہے، اس لیے ہر خاتون کی بروقت اسکریننگ، درست تشخیص اور مؤثر علاج تک رسائی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
خاتون اول نے خاص طور پر دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور پنک ربن پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی آگاہی مہمات اور اسکریننگ کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان میں پہلے بریسٹ کینسر اسپتال کے قیام کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے کینسر سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے سرکاری، نجی، طبی، تعلیمی اور سماجی شعبوں کو مل کر مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔









