اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے ہونہار اور محنتی نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ یہ اعلان انہوں نے *نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم کے مطابق یہ لیپ ٹاپ پروگرام چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ و طالبات کے لیے ہوگا، اور یہ اسکیم پہلے سے موجود سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے چلنے والے لیپ ٹاپ پروگرام سے بالکل الگ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، اس لیے ترقی کی دوڑ میں میرٹ کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے تقریب میں خطاب کے دوران ملکی دفاع سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ پاک فوج اور دیگر مسلح افواج نے حالیہ چار روزہ جنگ میں دشمن کو ناقابلِ فراموش سبق سکھایا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 6 اور 10 مئی کو پاکستان کی افواج نے دشمن پر کاری ضرب لگائی، اس دوران پاک فضائیہ نے بھارت کے چھ جنگی طیارے، جن میں چار رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ ان کے مطابق 10 مئی کا دن بھارت کے غرور کے خاتمے کی علامت بن گیا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کا پانی روکنے کا کوئی حق حاصل نہیں، اور اگر ایسی کوشش کی گئی تو جواب ایسا ہوگا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔









