بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی: ایف بی آر کا اعلان 

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس گزار 30 ستمبر 2025 تک اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں، اور اس تاریخ کے بعد مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق، یہ گوشوارے مالی سال 2024-25 یعنی یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 کے دوران حاصل ہونے والی آمدن پر مبنی ہوں گے۔
ایف بی آر نے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز (AOPs) کے لیے ٹیکس ریٹرن کا ایک آسان اور جامع فارم جاری کیا ہے، جس میں تمام ضروری معلومات شامل کی گئی ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت، پاکستان میں ایک سال کے دوران 183 دن یا اس سے زیادہ قیام کرنے والے افراد پر ٹیکس ریٹرن فائل کرنا لازمی ہوگا۔
اہم نکات درج ذیل ہیں:
تنخواہ دار افراد اور پنشنرز دونوں کو ریٹرن فائل کرنا ہوگا۔
پراپرٹی سے حاصل ہونے والی آمدن کو گوشوارے میں ظاہر کرنا ہوگا۔
سال بھر کے دوران حاصل کردہ سروسز کے بدلے دی گئی ادائیگیوں کی تفصیلات دینا ہوں گی۔
بینک منافع، ڈیویڈنٹ اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی معلومات بھی لازمی ہوں گی۔
قابل منہا اخراجات، ٹیکس ریلیف یا کریڈٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
ذاتی اثاثے، جائیداد اور بینک اکاؤنٹس کی مکمل معلومات بھی ڈیکلئیر کرنا ضروری ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن آن لائن فائل کرنے کے لیے 24 صفحات پر مشتمل فارم جاری کیا گیا ہے، جس میں بینک اکاؤنٹس میں آنے اور جانے والی رقوم کی مکمل تفصیل شامل کرنا ہوگی۔
حکام نے ٹیکس گزاروں کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت میں ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، لہٰذا شہری بروقت ریٹرن فائل کر کے قانونی ذمہ داری پوری کریں۔