ملتان( نیوز ڈیسک) سابق وزیرخارجہ و پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے قوم کی دولت پر 11 سو ارب کا ڈاکہ ڈالا، حکومت کو نہ تو قوم کی فکر ہے نہ ہی ریاست کی، امپورٹڈ حکمران عوام کو ریلیف دینے نہیں بلکہ اپنی کرپشن کو دفن کرنے آئے ہیں،انہوں نے نیب کو دفن کردیا ہے، نیب قوانین میں ترامیم سے لٹیروں کے کیسز نیب عدالتوں سے دوسری عدالتوں میں منتقل ہو جائیں گے،عمران خان نے این آر او دینے سے انکارکیا، انہوں نے عمران خان کو باہر کرکے این آر او حاصل کرلیا، امپورٹڈ حکمران جس ایجنڈے پر اقتدار میں آئے ہیں اس ایجنڈے میں کامیابی حاصل کرلی ہے،عمران خان آج بھی ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور اپنے بیانیہ پر پر عزم ہیں، پنجاب کی 20نشستوں کے ضمنی انتخاب میں قومی دولت لوٹنے والوں کو شکست ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں یونین کونسل 48‘ 45‘46 میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شاہ محمود نے کہا حکومت نے معیشت کابیڑا غرق کردیا ہے، غریب عوام‘محنت کش‘ سرمایہ دار‘ صنعت کار‘ کاشتکار‘ تاجر‘ سرکاری ونجی ملازم‘ الغرض ہر طبقہ زندگی حکومت سے نالاں ہیں، وہ سمجھتے ہیں یہ لوگ ملک کا نقصان کررہے ہیں، ان کے کسی وعدے کا اعتبار نہیں،عوام ان سے تنگ آچکے ہیں، عوام چاہتے ہیں امپورٹڈ حکمرانوں سے جان چھڑوائی جائے، عوام چاہتے ہیں فوری انتخابات کروائے جائیں ،ایسی حکومت آئے جس کو عوام کا بھرپور مینڈیٹ حاصل ہو۔ جو عوام کے مسائل حل کرسکے۔ جو عوام کو ریلیف فراہم کرسکے۔پاکستان کے عوام کا ایک ہی مطالبہ ہے۔ مسلط شدہ حکمرانوں سے نجات اور فوری انتخابات۔ انہوں نے کہا ملک درست سمت پر گامزن تھا۔ ملکی ترقی کے مخالفین کو ترقی ہضم نہیں ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا تحریک انصاف فوری اور شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کو فکس انجینئرڈ شدہ فکسڈ رزلٹ قبول نہیں۔ جولائی میں ہونے والے ضمنی انتخابات اگر شفاف نہ ہوئے، تو انجینئرڈ اور فکسڈ شدہ رزلٹ قوم کو قبول نہیں ہونگے،حالیہ ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کا امتحان ہیں۔ اگر ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن شفاف انتخاب کروانے میں ناکام رہا تو قوم جنرل انتخابات کے نتائج کو بھی تسلیم نہیں کرے گی۔
اپوزیشن نے قوم کی دولت پر 11 سو ارب کا ڈاکہ ڈالا ہے،شاہ محمودقریشی








