ملتان( نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سپرنالائق حکمرانوں نے سپر مہنگائی کے بعد سپر ٹیکسز بھی لگا دیے،سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی نے عوام کو نچوڑ کر رکھ دیاہے، چاروں طرف اندھیر نگری، بے روزگاری کا طوفان، ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مافیاز کی آماجگاہیں ہیں۔ حکمران جماعتیں اپنے مفادات کے لیے نوراکشتی کر کے عوام کو ایک دفعہ پھر دھوکا دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، قوم اگلے الیکشن میں جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ کا احتساب کرے، حکومت مہنگائی کم نہیں کر سکتی، تو گھر چلی جائے، وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں سودی نظام سے نجات کا روڈ میپ دے، ٹرین مارچ کرپٹ حکمرانوں کی کرپٹ اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہے، جون کی شدید گرمی میں ریلوے سٹیشنز پر استقبال کے لیے آنے والے لوگوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ قوم کرپٹ نظام سے چھٹکارا چاہتی ہے، راولپنڈی پہنچ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے تک لے کر جائیں گے، ظلم پر چپ نہیں رہ سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹرین مارچ کے دوسرے روز کے آغاز پر ملتان ریلوے سٹیشنز پر استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان جماعت اسلامی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قبل ازیں امیرجماعت کی قیادت میں مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف ملتان سے ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوا جہاں کارکنان جماعت اسلامی کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے ریلوے سٹیشن پر موجود تھی۔ ٹرین مارچ کا آغاز ہفتہ کی صبح رحیم یار خان سے ہوا تھا۔ رحیم یار خان سے ملتان تک سفر میں امیر جماعت نے لیاقت پور،خانپور،ڈیرہ نواب،بہاولپور سمہ سٹہ اور شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنز پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے ہزاروں کارکنان سے خطاب کیا۔ لاہور پہنچنے پر انھوں نے ریلوے سٹیشن کے باہر عوامی اجتماع اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے مل کر قوم کو رلایا۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں جب کہ عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔ استعمار کے وفاداروں نے 22کروڑ غیور پاکستانیوں کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنا دیا۔ مہنگائی اور کرپشن موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ تیار کر کے حکمران عوام کو کہہ رہے ہیں کہ قربانی دیں۔وقت آ گیا ہے کہ اب ان حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے۔ انھوں نے کہا کہ قوم اسلامی انقلاب کے لیے تیار ہو جائے۔ استعمار کے وفاداروں کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔ ملک میں سودی نظام کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل میں گئی تو اسے منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ تمام حکومتیں ملک میں فیل ہو گئیں، اب عوام جماعت اسلامی کو موقع دے۔ ملک کو حقیقی تبدیلی کی ضرورت اور اللہ کے فضل و کرم سے یہ تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے،ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔ 75 برسوں سے عوام کی گردنوں پر سوار ظالم حکمرانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔بار بار حکمرانی کرنے کے باوجود ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ مسائل کا حل انہی کے پاس ہے۔ حکمران ٹولہ جان لے کہ قوم اب انھیں اچھی طرح پہچان چکی ہے۔ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئیں، اب ملک میں اسلامی نظام آئے گا۔
سپرنالائق حکمرانوں نے سپر مہنگائی کے بعد سپر ٹیکسز بھی لگا دیئے،سراج الحق








