اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن کاروبار کو باقاعدہ ٹیکس نظام میں لانے کے لیے نئے ضوابط متعارف کرا دیے۔ اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کا مسودہ جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت
آن لائن کاروبار کرنے والے تمام اداروں کو ہر ماہ فارم A1 اور فارم A2 کے ذریعے اپنی مالیاتی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔
ان رپورٹس میں کاروبار کی تفصیلات، نیشنل ٹیکس نمبر (NTN)، بینک اکاؤنٹس، فروخت کنندہ کا نام، پتہ اور انوائس نمبر شامل کرنا ضروری ہوگا۔
آن لائن مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی ایک الگ فارم میں اپنی سروسز پر عائد ٹیکس کی تفصیلات دینی ہوں گی۔
تمام آن لائن کاروباری اداروں کو ٹیکس تفصیلات کے ساتھ حلفیہ بیان بھی جمع کرانا ہوگا۔
کوریئر سروسز بھی نگرانی میں
ایف بی آر نے ملک بھر کی تمام کوریئر کمپنیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ ہر تین ماہ بعد (سہ ماہی بنیادوں پر) اپنی مالیاتی تفصیلات فارم-1 کے ذریعے ایف بی آر کو فراہم کریں۔
ایف بی آر نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہا ہے کہ اگر ان قواعد پر کوئی رائے یا تجاویز دینا چاہتے ہیں تو سات دن کے اندر اپنی آرا جمع کرا سکتے ہیں۔
یہ اقدام ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ آن لائن تجارت شفاف اور قانون کے دائرے میں لائی جا سکے۔
ایف بی آر نے آن لائن کاروبار کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے








