بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا کے تجارتی ٹیرف کا دباؤ، بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا 

امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر بھاری تجارتی محصولات عائد کیے جانے کے بعد بھارتی روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر گر گیا۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 88.19 پر بند ہوا، جبکہ دن کے دوران یہ مزید کم ہوکر 88.30  کی سطح تک بھی پہنچا، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارتی ریزرو بینک نے مارکیٹ میں مداخلت کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے بھارت پر 50 فیصد تک تجارتی ٹیرف عائد کیے جانے کا براہِ راست اثر روپیہ کی قدر پر پڑا ہے۔ صرف اسی ہفتے امریکا نے بھارتی برآمدات پر مزید 25 فیصد اضافی ٹیکس لگایا، جس سے مجموعی محصولات کی شرح دگنی ہو گئی۔
معاشی ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ ان بھاری محصولات سے بھارت کی معیشت کو کئی محاذوں پر نقصان پہنچ سکتا ہے، خصوصاً برآمدات میں کمی، سرمایہ کاری کے بہاؤ میں رکاوٹ اور کاروباری اعتماد میں کمی جیسے چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ محصولات طویل عرصے تک برقرار رہے تو بھارتی معیشت کی شرحِ نمو (جی ڈی پی) میں 60 سے 80 بیسس پوائنٹس تک کمی واقع ہو سکتی ہے، جو ایک ایسے وقت میں انتہائی تشویشناک ہے جب بھارت کی معیشت پہلے ہی سست روی کا شکار ہے۔
موجودہ صورتحال میں ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ بھارتی مرکزی بینک کو مزید مداخلت کرنا پڑ سکتی ہیں تاکہ روپے کو مستحکم رکھا جا سکے، تاہم طویل مدتی استحکام کے لیے تجارتی محاذ پر سیاسی و سفارتی حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہوگا۔