غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی رہنما اور حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک مختصر پیغام میں غزہ کے علاقے الزيتون میں ہونے والی مزاحمتی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔ ان کارروائیوں میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 فوجی لاپتہ ہوگئے۔ ابو عبیدہ نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے غزہ پر قبضے کا فیصلہ کیا تو یہ تل ابیب کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق جنگی حالات میں فوجیوں کے پکڑے جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، غزہ کے الزیتون محلے میں فلسطینی مزاحمتی گروپ اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں، چار اسرائیلی فوجی لاپتہ ہو گئے، جنہیں حماس کے جنگجوؤں نے نائٹ وژن آلات کے ذریعے ٹریس کیا اور گھات لگا کر ان پر حملے کیے۔
اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے غزہ کے الزیتون علاقے میں اسرائیلی فوجی دستوں پر حملہ کیا، اور جنگجوؤں نے ان پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ اس کارروائی میں اسرائیلی فوج کی 162 ویں ڈویژن اور 401 ویں بریگیڈ کے دستے شامل تھے، اور اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر پر بھی فائرنگ کی گئی۔ جواب میں اسرائیلی جنگی طیارے کم بلندی پر پرواز کر رہے ہیں اور غزہ کے الزیتون، صبرا محلے، اور جبالیہ میں گولہ باری کی جا رہی ہے۔









