بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایرانی رہنماؤں کو کیسے مارا گیا؟ امریکی اخبار نے اسرائیل کی خفیہ حکمت عملی بے نقاب کردی

جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی 12 روزہ جنگ نے خطے کو شدید کشیدگی کی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ جنگ نہ صرف میزائل حملوں اور فضائی کارروائیوں تک محدود رہی بلکہ اس نے خفیہ جنگی حکمت عملیوں کو بھی سامنے لا کھڑا کیا۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، اگرچہ ایران کی اعلیٰ قیادت اسمارٹ فون استعمال کرنے سے گریز کرتی ہے، لیکن ان کے قریبی محافظوں اور ڈرائیوروں کے فونز سکیورٹی پروٹوکول میں شامل نہیں تھے۔ اسرائیل نے اسی خلا کا فائدہ اٹھایا اور ان فونز کے ڈیٹا سے ایرانی کمانڈروں اور سائنسدانوں کی نقل و حرکت ٹریس کر کے حملے کیے۔ اس حکمت عملی کے نتیجے میں متعدد فوجی افسران اور جوہری ماہرین ہلاک ہوئے جبکہ اہم انفراسٹرکچر بھی نشانہ بنا۔

ایران نے اس کے ردعمل میں اعلان کیا کہ آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر موساد کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد حساس معلومات فراہم کرتے تھے اور کچھ کو آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے خفیہ تربیت بھی دی گئی۔

عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس جنگ نے ایران کے سکیورٹی نظام میں واضح خامیاں ظاہر کی ہیں۔ دوسری جانب جنگ کے بعد شروع ہونے والے سخت کریک ڈاؤن اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر انسانی حقوق کے اداروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔