بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت نے دریائے چناب میں بغیر اطلاع 8 لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا، پنجاب میں سیلاب کا خطرہ

بھارت کی جانب سے ایک بار پھر بغیر اطلاع کے دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث پنجاب کے ہیڈ مرالہ کے مقام پر شدید سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، تاہم اس حوالے سے پاکستان کو کوئی باضابطہ اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اچانک فیصلے کے نتیجے میں دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔
ایریگیشن حکام کے مطابق بھارت کی طرف سے چھوڑا گیا یہ سیلابی ریلا 8 لاکھ کیوسک پر مشتمل ہے، جو جلد پاکستان میں داخل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی بھارت نے بغیر اطلاع 9 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تھا، جس سے پہلے ہی کئی علاقے متاثر ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں دریائے راوی، چناب اور ستلج کی صورتحال پہلے ہی خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے۔ ہزاروں دیہات زیر آب آ چکے ہیں، سیکڑوں مویشی ہلاک ہو گئے اور کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ مختلف حادثات میں اب تک کم از کم 38 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لاہور میں دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد شاہدرہ اور نواحی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ہریکے بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اگرچہ دریائے چناب یا دیگر دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی، تاہم زمینی حقائق خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سول انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور ارسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ادارے 24 گھنٹے دریاؤں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری الرٹ جاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔
متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات تیز کر دیں اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کریں، تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔