بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لے گی۔
یہ فیصلہ پارٹی کی جانب سے موجودہ انتخابی عمل پر عدم اعتماد کے طور پر سامنے آیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کے مطابق، پارٹی نے ضمنی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس نشست کے لیے پنجاب سے نامزد امیدوار سلمیٰ اعجاز نے بھی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ۔
ترجمان نے مزید کہا  کہ ہم اس انتخابی عمل کو غیر شفاف اور غیر منصفانہ سمجھتے ہیں۔ پی ٹی آئی ان ضمنی انتخابات کو تسلیم نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اس سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے سینیٹ کی نشست کو خالی قرار دیا اور نئے الیکشن کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی کے اس فیصلے کو ماہرین سیاسی تناؤ میں اضافے کی علامت قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں انتخابی عمل کی شفافیت اور عدالتی فیصلوں پر مختلف سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔