امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات پر کھل کر تنقید کی ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ بھارت نے اب امریکا کے لیے اپنے محصولات صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن ان کے مطابق “یہ بہت دیر سے کی گئی پیشکش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ فیصلہ کئی سال پہلے کر لینا چاہیے تھا۔ اب جب کہ حالات بدل چکے ہیں، تو اس پیشکش کا کوئی خاص فائدہ نہیں رہا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عام تاثر کے برعکس بھارت اور امریکا کے درمیان تجارت یکساں نہیں رہی۔ بھارت امریکا کو بڑے پیمانے پر مصنوعات فروخت کرتا ہے، جبکہ امریکا کو بھارت میں اپنی اشیاء بیچنے میں سخت مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تعلق ہمیشہ سے یک طرفہ رہا ہے۔ بھارت نے امریکا پر دوسرے ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ محصولات عائد کر رکھے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری کمپنیاں بھارتی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کر پاتیں۔
ٹرمپ نے بھارت کے دفاعی اور توانائی کے شعبوں پر بھی تبصرہ کیا، اور کہاکہ بھارت آج بھی اپنا زیادہ تر تیل اور فوجی ساز و سامان روس سے خریدتا ہے۔ امریکا سے اس کی خریداری نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے بھارت کی حالیہ پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب بھارت چاہے جتنے بھی محصولات ختم کرنے کی بات کرے، وقت نکل چکا ہے۔ اگر یہ اقدام برسوں پہلے کیا جاتا، تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔
اب بہت دیر ہو چکی ہے،بھارت کی محصولات صفر کرنے کی پیشکش پر ٹرمپ کا ردعمل








