خیبرپختونخوا اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک کے خلاف ایک قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی جس پر ایوان میں واضح سیاسی تقسیم دیکھنے کو ملی۔
یہ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن آصف محسود کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جیل میں ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جو نہ صرف قانونی تقاضوں کے خلاف ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ جیل میں بانی چیئرمین کو نہ تو اخبارات پڑھنے کی اجازت ہے، نہ ہی ٹی وی تک رسائی دی جا رہی ہے۔ حتیٰ کہ دونوں کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔”
ایوان میں اپوزیشن اراکین نے اس قرارداد کی مخالفت کی، تاہم ایوان میں پی ٹی آئی کی عددی برتری کے باعث قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔
یہ قرارداد ایسے وقت میں منظور ہوئی ہے جب عمران خان اور ان کی اہلیہ کو مختلف کیسز میں سزا کے بعد جیل میں رکھا گیا ہے، اور ان کے حامی حلقوں کی جانب سے مسلسل یہ شکایت کی جا رہی ہے کہ انہیں غیر منصفانہ سلوک کا سامنا ہے۔









