قومی اسمبلی میں نبی کریم حضرت محمد ؐکی ولادت کے 1500 سال کی آمد کے موقع پر ایک روح پرور تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس کا افتتاح اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیا۔
نمائش پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں معروف خطاط واصل شاہد نے اسپیکر کو فن پاروں اور ان میں موجود سیرت النبی ﷺ سے متعلق نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ ، اراکین قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی اور سید حفیظ الدین سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رحمت کا سرچشمہ ہے۔ ایسی تقریبات ایمان کو تازگی بخشتی ہیں اور دلوں کو جوڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ سے متعلق یہ تصویری نمائش نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، اس طرح کی فکری و روحانی سرگرمیاں امت مسلمہ میں اتحاد و اخوت کو فروغ دیتی ہیں۔
تقریب میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی نمائش کو سراہا اور نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی اس کاوش کو قابل تحسین قرار دیا۔
منتظمین کو ان کی محنت اور جذبے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔









