سکیورٹی فورسزنے بنوں میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پردہشتگردی کاحملہ ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج کے تمام پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آرکےمطابق منگل کی صبح ایک بزدلانہ دہشت گرد حملے میں بھارتی آلہ کار تنظیم “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے خوارج نے بنوں ضلع میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا۔
بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج نے سکیورٹی کے حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم چوکس اور بہادر پاکستانی جوانوں نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ دشمن کے شدت پسند عناصر نے مایوسی میں آ کر بارود سے بھری گاڑی ہیڈ کوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔
خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا اور قریبی سول انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس سے تین معصوم شہری زخمی ہوئے۔
اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے خوارج کو بھرپور جواب دیا اور بھارتی آلہ کار تنظیم “فتنہ الخوارج” کے تمام پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ تاہم، اس شدید جھڑپ کے دوران فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے چھ بہادر سپاہی وطن پر قربان ہو گئے اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
متاثرہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ اور سنگین حملے کے تمام کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پوری قوم کے ہمراہ، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں کہ ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔









