لاہور( نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گجرات، نارووال، سیالکوٹ، کھاریاں، پسرور اور دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جبکہ فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارش ہوگی۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور شیخوپورہ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، نوشہرہ، صوابی، مانسہرہ، ٹانک اور لکی مروت سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔









