لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار جنگل کی لکڑی کی نیلامی کا روایتی اور متنازعہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں باضابطہ حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام جنگلات میں کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں نیلامی کے نام پر درختوں کی بے رحمانہ کٹائی کی جاتی رہی اور اس سے حاصل ہونے والا پیسہ صرف چند جیبوں میں چلا جاتا تھا، جس سے نہ صرف جنگلات تباہ ہوئے بلکہ ماحولیات اور جنگلی حیات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ اب یہ سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کے ذریعے شفاف قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں گے، تاکہ جنگلات کے وسائل محفوظ رہیں۔

پنجاب حکومت کے مطابق ایندھن سمیت ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی پر تاحکمِ ثانی پابندی ہوگی۔ مستقبل میں اگر نیلامی کی اجازت دی بھی گئی تو اس سے قبل اعلیٰ معیار کی تصاویر اور وڈیوز فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام جنگلات کے تحفظ، زمین کو کٹاؤ سے محفوظ بنانے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے ڈائریکٹر جنرل کو سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔









