بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ورلڈ بینک پاکستان کو مختلف منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد قرض دے گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی بینک نے مالی سال 2025-26 میں پاکستان کو مختلف شعبوں کے منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یہ قرضہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (IBRD) کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ اس وقت عالمی بینک کی فنڈنگ سے ملک میں 16.6 ارب ڈالر کے 57 منصوبے جاری ہیں، جن کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، فنانس، ریونیو، مواصلات، دیہی و شہری ترقی، ہیومن کیپٹل، سماجی خدمات اور گورننس سے ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق عالمی بینک نے گزشتہ 7 برس میں پاکستان کو مجموعی طور پر 11 ارب 84 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔ ان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں ہوئی جہاں 1.96 ارب ڈالر دیے گئے۔ صرف گزشتہ مالی سال 2024-25 میں 1 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جبکہ اس سے پہلے 2023-24 میں 2.24 ارب ڈالر، 2022-23 میں 2.12 ارب ڈالر، 2021-22 میں 1.59 ارب ڈالر اور 2020-21 میں 2 ارب ڈالر دیے گئے تھے۔ مالی سال 2019-20 میں پاکستان کو 1.37 ارب ڈالر کا قرضہ ملا تھا۔

حکام کے مطابق آئندہ برسوں میں بھی پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید 8.6 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا مل سکے اور بنیادی شعبوں میں بہتری لائی جا سکے۔