سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال 2025-26 کا آغاز 8 ستمبر سے ہو رہا ہے۔ اس موقع پر افتتاحی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے مختلف قانونی شخصیات کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا کو بھی باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو چکا ہے۔ دعوت نامے کے مطابق، یہ کانفرنس سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگی۔
اس افتتاحی تقریب کا مقصد نئے عدالتی سال کے لیے ترجیحات کا تعین اور عدالتی اصلاحات کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس موقع پر اپنے خطاب میں آئندہ سال کے لیے عدالت کی ترجیحات اور منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔
کانفرنس کے اختتام پر ایک اہم قدم کے طور پر “ون اسٹاپ پبلک فسیلیٹیشن سینٹر” کا بھی افتتاح کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام کو عدالتی سہولتیں ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔
سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کا آغاز 8 ستمبر کو، افتتاحی کانفرنس کے دعوت نامے جاری








