پاکستان نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے، جو انسانی ہمدردی کے جذبے اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
یہ سامان وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر بھجوایا جا رہا ہے اور اس کا مقصد شدید متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ سامان کی روانگی کی تقریب این ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس، اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی، این ڈی ایم اے اور وزارتِ خارجہ کے حکام شریک ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں، ضروری ادویات شامل ہیں
یہ تمام امداد 5 کنٹینرز پر مشتمل 40 فٹ کے ٹرکوں کے ذریعے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان روانہ کی گئی ہے۔
■ ہولناک زلزلہ، ہزاروں متاثر
یاد رہے کہ افغانستان میں اتوار کی رات آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات ناپید ہیں، اور شدید سرد موسم کے پیش نظر فوری امداد کی اشد ضرورت ہے۔
پاکستان کی افغانستان کے زلزلہ متاثرین سے یکجہتی، 105 ٹن امدادی سامان روانہ








