پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جسے ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، پوٹھوہار ریجن میں واقع ڈھوک سلطان 3 سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے ۔
اعلامیے کے مطابق، نئے ذخیرے سے روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 2,113 بیرل خام تیل اور 4.13 ملین مکعب فٹ گیس (MMCFD) حاصل کی جا رہی ہے۔
یہ دریافت پوٹھوہار کے کوہاٹ سب بیسن میں تیل کی اب تک کی دوسری گہری دریافت ہے، جو اس علاقے میں ہائیڈروکاربن کی وسیع موجودگی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے نہ صرف مقامی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ توانائی کی درآمد پر انحصار بھی کم ہو سکے گا۔
یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تیل کے وسیع ذخائر کو بازیافت کرنے کے لیے ایک دوطرفہ معاہدہ طے پا چکا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ہم فی الحال ایک ایسی امریکی آئل کمپنی کے انتخاب کے مرحلے میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔”
ٹرمپ نے مزید کہا کون جانتا ہے، شاید ایک دن پاکستان بھارت کو بھی تیل بیچ رہا ہو!
پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت، توانائی کے شعبے میں بڑی پیشرفت








