پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 14واں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکرٹری برائے خارجہ امور نبیل منیر اور جاپان کے نائب وزیر خارجہ اکاہوری تاکیشی نے مشترکہ طور پر کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشاورت کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا پیسیفک کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے افغانستان کی موجودہ صورتِ حال پر بھی گفتگو کی اور خطے میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے اور پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کو جاری رکھا جائے گا، اور سیاسی مشاورت کا اگلا دور ٹوکیو میں منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ مشاورت دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، مشترکہ مفادات کو فروغ دینے اور عالمی و علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔








