بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا اسلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیر جیل اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیر جیل اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا ۔ وزیراعظم نے جیل منصوبے کے جائزے کے لئے 6 رکنی کمیٹی بنا دی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں کمیٹی کے سربراہ مقرر، سیکرٹری ٹو وزیراعظم ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے حکمنامہ جاری کمیٹی کے ارکان میں داخلہ، ہاؤسنگ، منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکریٹری، چیف کمشنر اسلام آباد اورچیئرمن سی ڈی اے شامل ہیں ۔

وزیر اعظم نے کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی،اور ساتھ ہی وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کمپلیکس کا سالوں سے زیر التوا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔جدید ترین عالمی معیار اور سہولیات کی حامل اسلام آباد جیل کی تعمیر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی ۔

وزیراعظم نے اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیااور ہی نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ اسلام آباد جیل کمپلیکس کو دنیا کی جدید جیلوں کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔عمارت کی تعمیر نہ ہونے سے اسلام آباد کے قیدیوں کو گزشتہ 6 دہائیوں سے اڈیالہ جیل میں رکھا جارہا ہے۔

موٹر وے کے قریب سیکٹر ایچ 16 میں90 ایکڑ پر محیط یہ جدید جیل تعمیر ہو رہی ہے۔ دو منزلہ بیرکوں والی اس جیل میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھا جائے گا سکول، مساجد، ٹریننگ سینٹر، کھیل کے میدان، آئی سی ٹی کی عدالتیں بھی اس جیل کمپلیکس کا حصہ ہیں جیل حکام کی تربیت کا مرکز بھی منصوبے کا حصہ ہے۔