پنجاب میں مون سون کا 10 واں اسپیل کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے دوران شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ اسپیل 6 ستمبر سے 9 ستمبر تک جاری رہے گا، جس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی خرابی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
بارش سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقے
شمالی پنجاب: راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم
وسطی پنجاب: لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، میانوالی
جنوبی پنجاب: ڈیرہ غازی خان، ملتان، راجن پور
فلیش فلڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ
ڈی جی پی ڈی ایم اےعرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں (رودکوہیوں) میں فلیش فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جبکہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے۔اسی طرح بڑے شہروں میں ندی نالے بپھرنے کا اندیشہ ہے، جس سے اربن فلڈنگ (Urban Flooding) کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ اور شہریوں کے لیے اہم ہدایات:
تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور انتظامی افسران کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیرات، مقامی حکومت اور لائیوسٹاک کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، آندھی یا طوفان کی صورت میںمحفوظ جگہ پر پناہ لیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہنگامی صورت میں فوراًپی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
یاد رکھیں: احتیاط ہی حفاظت ہے۔ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کریں۔
مون سون کا 10 واں اسپیل کل سے شروع، پنجاب میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری








