پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان پر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈہ پھینکا گیا۔ واقعے کے بعد موقع پر ہنگامہ آرائی ہوئی اور پولیس نے دو خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان جمعہ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اسی دوران دو انڈے ان کی جانب پھینکے گئے، جن میں سے ایک انڈہ انہیں لگا۔ واقعے کے بعد موجود پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین کو حراست میں لے کر قریبی پولیس چوکی منتقل کر دیا۔
واقعے سے کچھ دیر قبل علیمہ خان سے سخت سوالات کیے گئے، جس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے ردعمل دیا۔ موقع پر موجود پارٹی رہنما سیمابیہ طاہر بھی مشتعل نظر آئیں اور صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ علیمہ خان سوالات کے جواب دیے بغیر اپنی گاڑی میں واپس چلی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ8 فروری کو عوام کھڑے ہوئے تھے، اور آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ عمران خان جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں، جبکہ مخالفین ان کی آواز بند کرنا چاہتے ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈہ پھینکا گیا، 2 خواتین زیر حراست








