بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  عافیہ صدیقی کی رہائی کیس میں اہم پیش رفت، اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق دائر درخواست میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے لیے چار رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا  ۔
کیس کی سماعت 10 ستمبر کو مقرر کی گئی جس کی صدارت جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے۔ دیگر ججز میں جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس اعظم خان اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس شامل ہیں۔
یہ کیس اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب گزشتہ سماعت پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتی اقدامات غیر تسلی بخش ہیں۔
بعد ازاں جسٹس سردار اعجاز کو ٹیکس مقدمات کے لیے سپیشل ڈویژن بینچ کا حصہ بنا دیا گیا، جس کے بعد سنگل بینچ کے مقدمات، بشمول یہ کیس، دوسرے ججوں کو منتقل کر دیے گئے۔ یکم ستمبر کو جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ بنانے کے لیے بھیجا تھا، جس پر اب باقاعدہ بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر عوامی حلقوں، انسانی حقوق تنظیموں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے بھی مسلسل دباؤ موجود ہے، اور اب اس کیس میں عدالتی کارروائی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
مزید پیش رفت اور 10 ستمبر کی سماعت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر ڈاکٹر عافیہ کے کیس میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔