پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیےامریکا کی جانب سے امدادی سامان کا پہلا دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔ امریکی فوجی طیارے امدادی سامان لے کرنور خان ایئربیس راولپنڈی پہنچے، جہاںپاک فوج کے افسران اورامریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے سامان کی وصولی کا جائزہ لیا۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ نیٹلی بیکر نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ امریکا مشکل وقت میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔
حالیہ شدید بارشوں اوربھارت کے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں، جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور متاثرہ افراد خیمہ بستیوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
حکومت پاکستان متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم عمل ہے، تاہم متاثرہ علاقوں کی وسیع تر بحالی اور بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد ناگزیر ہو گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ اور برطانیہ کے بعد اب امریکا بھی امداد فراہم کرنے والوں میں شامل ہو گیا ہے۔
ادھر، سیلاب کے پنجاب سےسندھ میں داخل ہونے کے پیشِ نظرسندھ حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگراونچے درجے کا سیلاب آیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
امریکا کا سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا








