بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیش وین سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

کراچی میں منگھوپیر روڈ پر ڈکیتی کی ایک بڑی واردات میں نامعلوم ملزمان نے رہائشی سوسائٹی کی کیش وین کو نشانہ بناتے ہوئے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگھوپیر تھانے سے صرف 2 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں پانچ مسلح افراد نے کارروائی کرتے ہوئے کیش وین کو روکا اور رقم سے بھرا تھیلا لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ سوسائٹی کے سیکیورٹی سپروائزر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیش وین نجی بینک کے سامنے رکی، جہاں ہمارا رائیڈر 22 لاکھ روپے سے زائد رقم کا ایک تھیلا لے کر بینک کے اندر چلا گیا۔ وین جب واپس جانے لگی تو پانچ مسلح ملزمان نے گھیر لیا اور وین میں موجود دوسرا تھیلا چھین کر دو موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈاکو نہ صرف رقم لے کر فرار ہوئے بلکہ سیکیورٹی گارڈ سےاسلحہ اور گولیاں بھی چھین کر ساتھ لے گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ واقعہ شہر میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی کرتا ہے، خاص طور پر ایسے حساس مقامات پر جہاں بڑی رقوم کی ترسیل کی جاتی ہے۔