بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور میں جلسے کا اعلان، تاریخ بانی چیئرمین کی ہدایت پر طے ہوگی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا ہے کہ وہ بانی چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر رواں ماہ کے آخر میں پشاور میں ایک تاریخی جلسہ منعقد کریں گے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ “حقیقی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق” کے لیے ہوگا، اور اس کا مقصد واضح پیغام دینا ہے کہ عوام کن اصولوں اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جلسے کی تاریخ 5 روز قبل بتائی جائے گی

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورنے کہا کہ جلسے کی حتمی تاریخ کا اعلان پانچ دن پہلے کیا جائے گا تاکہ ہم سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں وقت کا تعین کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود اس جلسے کی میزبانی کریں گے اور اسے پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار اجتماع بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ جلسہ صرف ایک سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ حق کی جنگ کا ایک مضبوط اظہار ہوگا، جس میں عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔  ہمیں مخالفین اور دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ پاکستانی قوم بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے ساتھ کھڑی ہے۔ حقیقی آزادی کی جو تحریک انہوں نے شروع کی، وہ ضرور کامیاب ہوگی۔