اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن قمر رضا اور مینیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کو معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کے حوالے سے بیرون ملک منعقد ہونے والی تقریبات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈی اور چیئرمین او پی ایف نے وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں یہ افرادی قوت اہم خدمات سرانجام دے رہی ہے اور پاکستان کے وقار میں اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔









