لاہور(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پنجاب کے سات اضلاع کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پہنچا دیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے یہ امدادی سامان پی ڈی ایم اے کے حوالے کیا۔ امداد میں دس ہزار شیلٹر کٹس اور دس ہزار فوڈ پیکجز شامل ہیں، جن میں خیمے، سولر پینلز، ایل ای ڈی لائٹس، کچن سیٹ، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ ہر فوڈ پیکج میں 95 کلوگرام اجناس جیسے آٹا، چینی، دال چنا اور کوکنگ آئل دیا گیا ہے۔
امداد قصور، جھنگ، خانیوال، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی، جس کی تقسیم پی ڈی ایم اے، کنگ سلمان ریلیف اور حیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کی جائے گی۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے سعودی عرب کا تعاون پاکستان کے ساتھ اخوت اور بھائی چارے کے رشتے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ سعودی قیادت کا وژن اور بروقت امداد امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کی علامت ہے۔
تقریب میں کنٹری ڈائریکٹر عبداللہ البقمی، پی ڈی ایم اے کے حکام اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔









