بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا میں ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری

پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں احساس ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری دے دی۔ یہ نظام یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوگا جس کے بعد پنشن کی ادائیگیاں پیپرلیس ای سسٹم کے تحت کی جائیں گی اور موجودہ روایتی طریقہ کار کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

سرکاری حکام کے مطابق ای پنشن نظام کے ساتھ ایک “احساس پنشن ڈیش بورڈ” بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس نظام کے تحت ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین ایک سادہ ڈیجیٹل فارم کے ذریعے پنشن کیس پورٹل پر جمع کر سکیں گے۔ دستاویزات اسکین کرکے محفوظ طریقے سے اپ لوڈ ہوں گی اور سسٹم خودکار طریقے سے متعلقہ حکام کے لیے مقررہ مدت کے ٹاسک تخلیق کرے گا۔

حکام نے مزید بتایا کہ پنشن کی ویری فکیشن اور منظوری کا عمل بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے ہوگا۔ اس دوران جاری ہونے والے تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ ہوں گے جو قانونی طور پر تسلیم کیے جائیں گے۔ نیا نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکوں سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے مقررہ وقت میں پنشن براہ راست ریٹائرڈ ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ ای پنشن سسٹم سے ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ ایک حقیقی پیپرلیس نظام ہے جو شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 36 عوامی خدمات کو آن لائن کیا جا چکا ہے اور ای پنشن سسٹم اسی سلسلے کی ایک اور اہم پیش رفت ہے۔