بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد برقرار، اگست میں 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر

پاکستان کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے خوشخبری – اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست 2025 میں ترسیلات زر کا حجم 3 ارب 10 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) میں مجموعی طور پر 6 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 7 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یہ رقم 5 ارب 90 کروڑ ڈالر تھی۔
تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، جہاں سے پاکستانیوں نے 73 کروڑ 67 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات کا نمبر آتا ہے، جہاں سے 62 کروڑ 29 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 46 کروڑ 34 لاکھ ڈالر، اور امریکا سے 26 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ملکی معیشت پر اعتماد اور بینکاری نظام میں بہتری کا مظہر ہے۔ ترسیلات زر نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بھی سمجھی جاتی ہیں۔