بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل کے خلاف فتح پر ایرانی بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہیں،نواز شریف

  مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے اسرائیل کے خلاف حالیہ اقدامات میں کامیابی پر وہ ایرانی عوام کو گلے لگا کر مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے سفیر سے ملاقات کے دوران کیا، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ انجام پائی۔
دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم
ملاقات میں پاک ایران دوستی، خطے کی صورتحال، توانائی کے شعبے میں تعاون اور تجارت کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ملک اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور عملی شراکت داری میں بدلنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

نواز شریف نے کہاکہ ایرانی صدر کی پاکستان آمد اور لاہور میں ان کا خیرمقدم ایک یادگار تجربہ تھا۔ ہم ایران کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ جنگ کے دنوں میں ہماری دعائیں، ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں، اور اب جب ایران نے اسرائیل کے خلاف فتح حاصل کی ہے، تو ہم دل سے ایرانی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔”
انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کی شخصیت کو بھی متاثر کن اور مدبرانہ قرار دیا۔
معاشی بہتری اور ہمسایہ تعلقات پر توجہ
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہتری آ رہی ہے، تاہم انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور میں ہمسایوں کے ساتھ تعلقات خراب رہے، جو اب بہتر کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملاقات میں کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورے نے دونوں ملکوں کی شراکت داری کو ایک نئی توانائی دی ہے۔ ایران کی عوام اور قیادت کی پاکستان سے ہمدردی اور یکجہتی ہمارے دیرینہ تعلقات کی گواہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے کے لیے حکومت سرگرم ہے  بروقت اقدامات کے باعث ہم ہزاروں جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اور اب بحالی کا عمل جاری ہے۔