متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل اسٹاف حمید محمد عبداللہ الرمیتھی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں افسران نے بحری سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ دفاعی اقدامات پر گفتگو کی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے جاری ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز پر روشنی ڈالی۔
یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر نے بحیرہ عرب اور خطے میں سیکیورٹی و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات خصوصاً مسلح افواج کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کی ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات، باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق








