کراچی (نیوز ڈیسک) شوگر ملوں نے شہر میں چینی کی سپلائی بند کر دی، منگل سے تھوک مارکیٹوں میں چینی کی ترسیل معطل ہے جس سے مصنوعی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رئوف ابراہیم نے بتایا کہ پیر 8 ستمبر تک ہول سیل مارکیٹ میں ایکس مل چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو جبکہ تھوک قیمت 179 روپے فی کلو تھی۔
ان کے مطابق بیرون ملک سے درآمدی چینی کی کھیپ پاکستان پہنچنے میں کم از کم تین ہفتے لگیں گے، لیکن شوگر ملز مالکان نے ذخائر مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے جان بوجھ کر سپلائی بند کر دی ہے۔
اس اقدام کے باعث اس وقت کراچی کی تھوک مارکیٹ میں چینی کا کوئی مستحکم نرخ موجود نہیں اور قیمتوں میں اچانک اضافے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
رئوف ابراہیم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے شوگر ملز مالکان کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ سپلائی بحال ہو سکے اور عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔








