کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے۔ آج صبح ہونے والی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
گارڈن، تین ہٹی، نشتر روڈ اور لسبیلہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے بعد کورنگی ندی اور کازوے کی سڑکیں تاحال ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ حکام کے مطابق ان مقامات پر پانی کی سطح بلند ہے اور سڑکوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات کے باعث شہریوں کو وہاں سے گزرنے سے روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کازوے روڈ کے کئی حصے دھنس گئے ہیں جبکہ کچھ حصے پانی کے بہاؤ کے ساتھ مکمل طور پر بہہ گئے۔ نتیجتاً ٹریفک کا رخ متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس اہلکاروں کو کازوے اور کورنگی ندی کے داخلی راستوں پر تعینات کردیا ہے تاکہ شہریوں کو متاثرہ راستوں پر جانے سے روکا جاسکے۔









