اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی پھیلانے والے خوارج کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ تعریف ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے 19 بھارتی پراکسی خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں تخریب کاری کرنے والے عناصر جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج، عوام اور پارلیمان ایک پیج پر ہیں اور پاکستان کے عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم کا غیر متزلزل عزم قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں اور پوری قوم اور پارلیمان قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔









