اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے 172 کا نمبر نہ صرف پورا کرچکے ہیں بلکہ اس سے اوپر جاچکے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم، ق لیگ، جی ڈی اے اور بی اے پی سے ہمارے مثبت رابطے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے زیادہ تر تقاضے سندھ سے وابستہ ہیں جس پر پیپلز پارٹی کے کردار کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی سے ایم کیو ایم کے بارے میں بات ہوئی ۔ اب پیپلز پارٹی ان تقاضوں میں رکاوٹ نہیں رہی ۔صدر ق لیگ سے ملاقات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت اپنے بیٹے کے ساتھ میرے گھر آئے، اتحادی جماعتیں عمران خان کے ساتھ ایک قدم بھی چلنے کو تیار نہیں، چوہدری برادران عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دے سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے 172 کا نمبر نہ صرف پورا کرچکے ہیں بلکہ اس سے اوپر جاچکے ہیں۔