بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مودی نےسیاست بچانے کیلئےکرکٹ کی اسپرٹ تباہ کردی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایشیا کپ کے دوران بھارت کے غیر کھیلوں کے رویے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اپنی سیاست بچانے کے لیے کرکٹ کی روح اور اسپرٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مودی کرکٹ کے کلچر اور روایتی اسپرٹ کو روند کر نہ صرف اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے بلکہ برصغیر میں امن اور تعلقات کی بہتری کے تمام امکانات بھی ختم کر رہا ہے۔ خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عزت طاقت سے نہیں بلکہ بردباری اور کھیل کی روایات کے احترام سے بحال ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کا اسکور 6-0 ہے جو تاریخ میں پتھر پر کندہ ہو چکا ہے، ہم تو خاموش ہیں لیکن دنیا دیکھ رہی ہے کہ مودی خود کو بھارت میں بھی رسوا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بھی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے مسلسل کھیل کے آداب کی خلاف ورزی کی، پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، کپتانوں کی ٹرافی تصویر لینے سے انکار کیا اور آخر میں صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کر دیا۔ بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی اسٹیڈیم میں فائنل کی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی اور بالآخر ٹرافی واپس لے جائی گئی۔ یہ صورتحال نہ صرف کھیل کی روح بلکہ علاقائی سفارتی ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اسی رویے پر قائم رہا تو کھیل سیاست کا شکار ہو کر اپنا مقصد کھو بیٹھے گا۔