بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے اور تاجروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کرنے سے متعلق شق منظور کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں فنانس بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے اورابتدائی طور پر پیٹرولیم منصوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی صفر ہے اور حکومت نے ایوان سے پیٹرولیم لیوی لگانے کی اجازت حاصل کی ہے تاہم یہ یکمشت عائد نہیں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی عائد کرنے کی منظوری کے علاوہ تاجروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کرنے سے متعلق شق بھی منظور کر لی ہے۔

ماہر معاشیات مزمل اسلم نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی عائد کئے جانے کی شق منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ پاکستانیو! یاددہانی کراتا جاؤں آخری بار 30 روپے لیوی 2018ءمیں عائد کی گئی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں پیٹرولیم لیوی مفتاح اسماعیل نے عائد کی تھی جسے عمران خان نے صفر کر دیا تھا لیکن آج 50 روپے فی لیٹر کی پیٹرولیم لیوی کی منظوری بھی مفتاح اسماعیل نے کرائی ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ قوم پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کئے جانے کا حساب لے۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں 84 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہےجبکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پیٹرول کی قیمت 150 روپے لیٹر تک تھی ، اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر لیوی عائد کرنے کے بعد پیٹرول کی قیمت 310 سے 320 تک جائیگی۔