وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل آزمائش میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں، مزید کہا کہ پہلی بار 60 کی دہائی کے آخر میں سعودی عرب کیا تھا، اس کے بعد سے سعودی عرب کے کئی دورے کر چکا ہوں مگر حالیہ دورہ ریاض بالکل منفرد تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی بھائی، بہنوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے بے مثال محبت دکھائی، سعودی عرب نے ہر مشکل اور آزمائش میں ہمشیہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا پاکستان سے تعلق غیرمتزلزل اور مستقل عزم پر مبنی ہے، سعودی عرب کا یہ عزم ہمارے تعلقات کی تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی باقاعدہ شکل ہے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطح کا کاروباری وفد پاک-سعودیہ مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے، جب پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ معاشی روابط اور مذاکرات کی نگرانی کے لیے 18 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے ایک باہمی دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی بھی جارحیت کی صورت میں مشترکہ ردعمل کا عہد کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور ان کے ہمراہ آنے والا وفد پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا اور اعلیٰ سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس اور معروف کاروباری گروپوں سے مشاورت کرے گا تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔









