حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے، جس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا بھارتی کھلاڑی سمرتی مندھانا کے قدموں کو چھو رہی ہیں۔ تصویر کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ یہ واقعہ 5 اکتوبر کو سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے بھارت بمقابلہ پاکستان میچ کے بعد پیش آیا۔
تاہم، اس تصویر کی حقیقت کچھ اور ہے۔مختلف اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز، جیسے کہAttestiv اور Hive Moderation، کے ذریعے اس تصویر کا تجزیہ کیا گیا۔ Attestiv نے تصویر کو 98 کا ٹیمپر اسکور دیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تصویر میں بڑی حد تک چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ دوسری جانب Hive Moderation نے تصویر کو 77.3 فیصد امکان کے ساتھ AI سے تیار کردہ قرار دیا۔یہ ثبوت واضح کرتے ہیں کہ یہ تصویرجعلی ہے اورمصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے بنائی گئی ہے، نہ کہ کسی حقیقی واقعے کی عکاسی کرتی ہے۔
6 اکتوبر کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس تصویر کو شیئر کیا گیا، جہاں کئی صارفین نے اسے سچ مانتے ہوئے پاکستان ٹیم پر تنقید شروع کر دی۔ تصویر کے کیپشن میں لکھا گیاکہ پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے بھارت سے شکست کے بعد سمرتی مندھانا کے قدم چھوئے۔تاہم، اس طرح کے گمراہ کن دعوے نہ صرف کھلاڑیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ کھیل کی روح کے بھی خلاف ہیں۔
بہرحال یہ تصویراصل نہیں ہے بلکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ہے۔ ایسے گمراہ کن مواد کو بغیر تحقیق کے شیئر کرنا نہ صرف غلط معلومات پھیلانے کا باعث بنتا ہے، بلکہ کھلاڑیوں اور کھیل کے وقار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
جعلی تصویر کا دعویٰ: کیا پاکستانی کپتان نے بھارتی کھلاڑی کے قدم چھوئے؟








