پشاور: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کابینہ کے ارکان کو دی گئی سرکاری مراعات اب تک بدستور قائم ہیں، اور ان میں سے کوئی بھی تاحال واپس نہیں لی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، علی امین گنڈاپور کے دور حکومت میں وزرا، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کو دی گئی سرکاری گاڑیاں اور رہائش گاہیں اب بھی ان کے زیرِ استعمال ہیں۔ گویا اختیارات ختم ہونے کے باوجود سہولیات کا سلسلہ جاری ہے۔
اس کے علاوہ، ان سابق حکومتی شخصیات کے لیے تعینات پی آر اوز (پبلک ریلیشنز آفیسرز)، پی ایس (پرائیویٹ سیکریٹریز) اور دیگر عملے کو بھی تاحال ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجنے کے احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سابق وزرا کے ساتھ سیکیورٹی پر مامور اہلکار بھی اب تک ان کے ساتھ تعینات ہیں، حالانکہ سرکاری پروٹوکول کا جواز ختم ہو چکا ہے۔
یہ صورت حال کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، خاص طور پر اس حوالے سے کہ اگر سابقہ حکومت ختم ہو چکی ہے تو مراعات کی فراہمی کیوں جاری ہے؟ اور کب تک یہ عمل یوں ہی چلتا رہے گا؟
علی امین گنڈاپور کی سابق کابینہ کو دی گئی سرکاری مراعات اب تک واپس نہ لی جا سکیں








