بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کرکٹر صہیب مقصود کے ساتھ گاڑی کا بڑا فراڈ ، وزیراعلیٰ مریم نواز سے مدد کی اپیل

پاکستانی کرکٹرصہیب مقصود کے ساتھ گاڑی فروخت کے دوران بڑا مالی فراڈ پیش آیا، جس کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، پنجاب پولیس اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو میں صہیب مقصود نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ نو ماہ قبل انہوں نے اپنی پرانی گاڑی ملتان کے ایک شوروم کے ذریعے فروخت کی۔ خریدار نے 60 لاکھ روپے ادا کیے اور گاڑی لے گیا، جبکہ باقی رقم اور گاڑی کے کاغذات بعد میں دینے کا وعدہ کیا۔
صہیب کے مطابق، میں آٹھ ماہ تک اس شخص سے بقیہ رقم مانگتا رہا، مگر کوئی ادائیگی نہیں ہوئی۔ آخرکار میں نے گاڑی کا پتا لگایا اور لاہور جا کر اس کے موجودہ مالک سے ملا۔ جب میں نے انہیں بتایا کہ یہ گاڑی اب بھی میرے نام پر ہے اور مجھے پوری رقم نہیں ملی، تو انہوں نے الٹا مجھ سے بدتمیزی کی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں شو روم کے شخص نے پیشکش کی کہ اگر وہ 60 لاکھ روپے واپس کر دیں تو گاڑی انہیں واپس مل جائے گی۔میں پیسے لے کر دوبارہ لاہور گیا، مگر وہاں موجود افراد نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے سخت رویہ اختیار کیا اور کہا کہ کوئی اس گاڑی کو ہاتھ بھی نہیں لگا سکتا۔
صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ گاڑی کے معاملے کو پیسوں سےکلیئر کر لیں، کیونکہ انہیں گاڑی واپس نہیں ملے گی۔بالآخر انہوں نے مجھ سے 70 لاکھ روپے لے کر ایک فورچیونر گاڑی دی، لیکن بعد میں پتا چلا کہ اس کےکاغذات جعلی ہیں۔ میں نے وہ گاڑی واپس کر دی، مگر اب نہ میری رقم ملی، نہ میری پرانی گاڑی — کل نقصان تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کا ہو چکا ہے۔
کرکٹر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں ایک کرکٹر ہونے کے باوجود ان بااثر لوگوں کے سامنے بے بس ہوں، تو عام آدمی کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہوگا؟ میں کورٹ کچہریوں کے چکر نہیں لگانا چاہتا، اس لیے وزیراعلیٰ مریم نواز، پنجاب پولیس اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے اپیل ہے کہ میری مدد کی جائے تاکہ مجھے انصاف مل سکے۔