بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی میں جاری اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے زیر تعمیر نئے ہاسٹل کی تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ گیارہ منزلہ عمارت کو پانچ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تمام تعمیراتی کام معیار اور شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں۔ انہوں نے اکیڈمی کے سپورٹس کمپلیکس کا بھی جائزہ لیا اور اس کی از سر نو بحالی کے اقدامات کی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے افسران کے میس کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیر تربیت افسران کے لیے فراہم کیے جانے والے کھانے کا معیار چیک کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے فائرنگ سیمولیشن روم کا بھی معائنہ کیا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی ملک کی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور بہترین تربیت یافتہ افسران ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی کو جدید سہولیات سے آراستہ ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔
اس موقع پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو گیارہ منزلہ عمارت کے سٹرکچر ورک اور دیگر تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عمارت کی تیسرے منزل کی چھت تک کا کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے کے مطابق کام جاری ہے۔
دورے کے دوران کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ممبر سی ڈی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔